(لاہور نیوز) لاہور پولیس نے ون ویلنگ اور خطرناک ریسنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کر دیا۔
ترجمان لاہور پولیس کے مطابق رواں ماہ ون ویلنگ کے خلاف کارروائیوں کے دوران 104 افراد کو گرفتار کیا گیا، جبکہ 94 افراد کے خلاف مقدمات درج کئے گئے، رواں سال اب تک ون ویلنگ میں ملوث 872 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے اور اس حوالے سے 920 مقدمات درج کئے گئے ہیں۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ ون ویلنگ اور خطرناک ریسنگ میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور کسی کو بھی قانون اپنے ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ شاہراہوں کو ریسنگ ٹریک بنانے سے گریز کریں، ٹریفک قوانین کی پابندی مہذب قوموں کی پہچان ہے، جبکہ والدین بھی اپنے بچوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھیں اور ون ویلنگ کی اطلاع فوری طور پر پولیس ہیلپ لائن 15 پر دیں۔
