(لاہور نیوز) پنجاب ریونیو اتھارٹی (پی آر اے) نے نئے کاروباروں کی رجسٹریشن، ٹیکس نیٹ میں شمولیت اور ٹیکس نظام کو مزید مؤثر بنانے کیلئے انفورسمنٹ اور ڈیجیٹلائزیشن کے اقدامات تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی معظم اقبال سپرا کی زیرِ صدارت ہونے والے اجلاس میں ڈویژنل سطح پر کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیلڈ افسران کی جانب سے کاروباری رجسٹریشن، ای-انوائس مانیٹرنگ سسٹم (EIMS) کے نفاذ اور ٹیکس وصولی کے اہداف پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
چیئرمین پی آر اے نے انفورسمنٹ افسران کو ہدایت کی کہ ای-انوائس مانیٹرنگ سسٹم کے لازمی استعمال سے متعلق آگاہی مہم کو مزید تیز کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ کاروباری ادارے ڈیجیٹل ٹیکس نظام کا حصہ بن سکیں۔
اجلاس کے دوران جعلی یا کیو آر کوڈ کے بغیر رسیدیں جاری کرنے کی شکایات پر سخت کارروائی کی ہدایت بھی کی گئی۔ معظم اقبال سپرا نے کہا کہ ایسے کاروباری اداروں کے خلاف قانون کے مطابق جرمانے عائد کیے جائیں، جبکہ ٹیکس ادائیگی میں بے ضابطگیوں اور قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کی مسلسل نگرانی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل نظام کے فروغ سے نہ صرف ٹیکس نظام میں شفافیت آئے گی بلکہ ٹیکس دہندگان کو بہتر، تیزاورجدید سہولیات بھی فراہم کی جا سکیں گی۔
چیئرمین پی آر اے کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ٹیکس نظام کی بہتری اور محصولات میں اضافے کیلئے انفورسمنٹ اور ڈیجیٹلائزیشن دونوں ناگزیر ہیں اور اس مقصد کے حصول کیلئے تمام فیلڈ افسران کو مقررہ اہداف کے مطابق مؤثر اقدامات یقینی بنانے ہوں گے۔
