مثالی گاؤں پروگرام: وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر ضلعی افسران کو اہم ذمہ داریاں تفویض
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے "مثالی گاؤں پروگرام" پر مؤثر عملدرآمد کے لیے ضلعی سطح پر انتظامی ذمہ داریاں تفویض کر دی گئی ہیں۔ ڈسٹرکٹ آفیسر انفراسٹرکچر اینڈ سروسز (ڈی او آئی اینڈ ایس) کو ہر ضلع میں پروگرام کا ضلعی کوآرڈینیٹر مقرر کیا گیا ہے۔
یہ فیصلہ صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت بذریعہ ویڈیو لنک منعقدہ اجلاس میں کیا گیا، جس میں سیکرٹری بلدیات شکیل احمد، سپیشل سیکرٹری ارشد بیگ، شاہد زمان لک اور تمام ڈسٹرکٹ آفیسرز انفراسٹرکچر اینڈ سروسز نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ ضلعی سطح پر مؤثر نگرانی کا نظام قائم ہونے سے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل کو یقینی بنایا جا سکے گا۔ انہوں نے بتایا کہ متعلقہ تحصیل میں سب انجینئرز کو کوآرڈینیٹر کا اضافی چارج بھی دیا جا رہا ہے تاکہ منصوبے کی نگرانی مزید مؤثر بنائی جا سکے۔
صوبائی وزیر نے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ کو ہدایت کی کہ ڈی اوز آئی اینڈ ایس کے ساتھ باقاعدگی سے فالو اپ اجلاس منعقد کیے جائیں، جبکہ کنٹریکٹرز کی کارکردگی کی مسلسل نگرانی بھی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی ترقیاتی سکیم میں معیار اور رفتار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
ذیشان رفیق نے بتایا کہ پنجاب کی 10 ڈویژنز کے 485 دیہات کو ماسٹر پلاننگ کے تحت مثالی دیہات میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جہاں ممکن ہو پہلے سے تعمیر شدہ گلیوں کو توڑنے سے گریز کیا جائے اور منصوبے کو مقررہ ٹائم لائن کے مطابق مکمل کیا جائے۔
