(لاہور نیوز) پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ صوبے کے بیشتر دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے، تاہم دریائے چناب کے بعض مقامات پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار ہے، جبکہ آئندہ چند روز میں پانی کی سطح میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق دریائے چناب میں خانکی اور قادر آباد کے مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے، خانکی کے مقام پر پانی کی آمد ایک لاکھ 25 ہزار کیوسک اور اخراج ایک لاکھ 17 ہزار کیوسک ہے، جبکہ قادر آباد میں پانی کی آمد ایک لاکھ 46 ہزار کیوسک اور اخراج ایک لاکھ 27 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ترجمان نے بتایا دریائے چناب کے مرالہ، تریموں اور پنجند، دریائے راوی کے جسڑ، شاہدرہ، ہیڈ سدھنائی اور بلوکی، دریائے ستلج کے گنڈا سنگھ والا، سلیمانکی اور ہیڈ اسلام، جبکہ دریائے سندھ کے تربیلا، کالا باغ، تونسہ اور چشمہ کے مقامات پر پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے، اسی طرح ڈیرہ غازی خان کے رودکوہیوں میں بھی فی الحال پانی کا بہاؤ نارمل ہے۔
پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ 24 جولائی تک پنجاب کے دریاؤں میں پانی کی سطح میں اضافے کا امکان ہے، دریائے راوی اور چناب سے ملحقہ ندی نالوں، جن میں بسنتر، ڈیگ، ایک، پلکھو، بھمبر، ہلسی اور ڈورا شامل ہیں، میں بھی سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ ڈیرہ غازی خان کے رودکوہیوں میں فلیش فلڈنگ کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، سرگودھا، اوکاڑہ، ساہیوال، بہاولنگر اور راولپنڈی ڈویژن میں اربن فلڈنگ کا بھی خطرہ موجود ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے دریاؤں کے کناروں اور نشیبی علاقوں میں رہنے والے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے ممکنہ متاثرہ علاقوں میں فلڈ ریلیف کیمپس قائم کر دیئے گئے ہیں، جہاں متاثرین کو بنیادی سہولیات، خوراک اور ادویات فراہم کی جائیں گی۔
