(لاہور نیوز) آئی ایس پی آر کے زیراہتمام ملک بھر کے طلبا و طالبات کیلئے سمر کیمپ 2026 کا انعقاد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر سمر کیمپ 2026 میں پاکستان بھر کے 18 سے زائد سٹیشنز سے 4 ہزار سے زائد طلبہ شریک ہوئے، وائس چانسلر رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی ڈاکٹر انیس احمد نے سمرکیمپ 2026 کے شرکاء کے ساتھ خصوصی نشست کی۔
خصوصی نشست کے دوران پاکستان کے ماضی، حال اور مستقبل اور دو قومی نظریے کے موضوع پر گفتگو کی گئی۔
وائس چانسلر رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی ڈاکٹرانیس احمد نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نظریہ پاکستان وہ فکری اساس ہے جس نے برصغیر کے مسلمانوں کو الگ شناخت اور آزاد وطن کیلئے متحد کیا، پاکستان کا آئین تمام اقلیتوں کو مکمل مذہبی، سماجی اور قانونی تحفظ فراہم کرتا ہے۔
ڈاکٹر انیس احمد نے کہا کہ بھارت کی انتہا پسندانہ پالیسیوں اوراقلیتوں کیساتھ نارواسلوک نے بھارت کے نام نہاد سیکولر چہرے کو بھی مزید واضح کر دیا ہے، انہوں نے مسئلۂ کشمیر پر پاکستان کے مؤقف کو ہمیشہ اصولی، مستقل اور واضح قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ طلبہ تاریخ کے مطالعے، تحقیق اور مستند ذرائع کی مدد سے اپنی آزادانہ رائے قائم کریں، نوجوان اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر مثبت تبدیلی کی بنیاد بنیں اور پاکستان کی تعمیرِ نو میں اپنا کردار ادا کریں۔
آئی ایس پی آرکا سمر کیمپ نوجوانوں کی صلاحیتیں نکھارنے اورقومی شعور کی بیداری کیلئے ایک اہم پیشرفت ہے۔
