پنجاب میں کل سے مون سون کا دوسرا سپیل، موسلادھار بارشوں سے اربن فلڈنگ کا خدشہ
(لاہور نیوز) پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خبردار کیا ہے کہ صوبے میں مون سون بارشوں کا دوسرا اسپیل کل سے شروع ہوگا، جو 19 سے 24 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق اس دوران صوبے کے بیشتر اضلاع میں تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی ہے، جبکہ مون سون کے دوسرے اسپیل میں کم وقت کے دوران زیادہ بارش ہونے کے امکانات ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیرآباد، فیصل آباد، خوشاب، سرگودھا، لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ننکانہ صاحب اور چنیوٹ میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
ترجمان کے مطابق نورپور تھل، بھکر، میانوالی، لیہ، بہاولپور، بہاولنگر، ڈیرہ غازی خان، ملتان، خانیوال، لودھراں، مظفرگڑھ، کوٹ ادو، رحیم یار خان اور راجن پور میں بھی بارش متوقع ہے۔
پی ڈی ایم اے نے لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، ملتان اور فیصل آباد میں اربن فلڈنگ کے خدشے کا اظہار کیا ہے۔ اس کے علاوہ مقامی ندی نالوں، نالہ لئی، کشمیر، مری، گلیات اور شمال مشرقی پنجاب کے برساتی نالوں میں طغیانی کا خطرہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
