(لاہور نیوز) چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے سرکل افسران اور ماڈل روڈ کے سیکٹر انچارجز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے اور خلاف ورزیوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کی ہدایت جاری کر دی۔
اجلاس کے دوران سی ٹی او لاہور نے سرکل افسران کی کارکردگی کا فرداً فرداً جائزہ لیا، اس موقع پر ایکسیڈنٹ ہاٹ سپاٹس، ٹریفک کنجشن، ون فائیو کالز پر ردعمل اور مجموعی ٹریفک مینجمنٹ کی کارکردگی پر تفصیلی غور کیا گیا۔
سید عبدالرحیم شیرازی نے ہدایت کی کہ ون وے ٹریفک کی خلاف ورزی، بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل چلانے، کم عمر (جووینائل) ڈرائیونگ، ون ویلنگ اور انتہائی خطرناک انداز میں لوڈ کی گئی گاڑیوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا جائے، شہر میں کہیں بھی بغیر ہیلمٹ سواری، ون وے ٹریفک یا لین لائن کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔
سی ٹی او لاہور نے مزید ہدایت کی کہ پبلک ٹرانسپورٹ میں لازمی کیو آر (QR) پینک بٹن نصب نہ کرنے والے مالکان کے خلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے، جبکہ ایکسیڈنٹ ہاٹ سپاٹس کی نشاندہی کرکے وہاں مؤثر حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں تاکہ ٹریفک حادثات میں کمی لائی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق شہریوں کو حادثات سے پاک، محفوظ سفر اور محفوظ سڑکوں کی فراہمی ٹریفک پولیس کی اولین ترجیح ہے، جس کیلئے تمام افسران اپنی ذمہ داریاں پوری ایمانداری اور مؤثر انداز میں انجام دیں۔
