(لاہور نیوز) پنجاب پولیس کے تحفظ مراکز بے سہارا، کمزور اور تشدد کا شکار افراد کو قانونی، سماجی اور نفسیاتی معاونت فراہم کرنے میں بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق رواں سال لاہور سمیت صوبہ بھر کے تحفظ مراکز پر 48 ہزار سے زائد افراد کو مختلف نوعیت کی معاونت فراہم کی گئی، مدد حاصل کرنے والوں میں 23 ہزار 522 خواتین، 19 ہزار 223 بچے اور 5 ہزار 369 ٹرانسجینڈرز شامل ہیں، جنہیں قانونی رہنمائی، تحفظ اور بحالی کی سہولیات فراہم کی گئیں۔
صوبائی دارالحکومت لاہور میں قائم تحفظ مراکز پر رواں سال 3 ہزار 554 افراد کو خدمات فراہم کی گئیں، جن میں 2 ہزار 385 بچے، 960 خواتین اور 209 ٹرانسجینڈرز شامل ہیں، صوبہ بھر میں 39 جبکہ لاہور میں 3 تحفظ مراکز روزانہ کی بنیاد پر کمزور طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد کو امداد، رہنمائی اور تحفظ فراہم کر رہے ہیں۔
انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب نے کہا ہے کہ تحفظ مراکز ٹرانسجینڈرز اور معاشرے کے دیگر کمزور طبقات کی مدد اور بحالی کا اہم ذریعہ ہیں، ٹرانسجینڈر وکٹم سپورٹ افسران اپنی کمیونٹی کے افراد کو ترجیحی بنیادوں پر سماجی اور قانونی تحفظ فراہم کریں۔
آئی جی پنجاب نے مزید ہدایت کی کہ صنفی جرائم، سماجی عدم تحفظ، استحصال اور تشدد کا شکار افراد کی معاونت کیلئے آؤٹ ریچ پروگرام کو مزید مؤثر بنایا جائے، جبکہ ٹرانسجینڈرز، خواتین اور بچوں سے متعلق مسائل میں متاثرین کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے، الائیڈ اداروں اور فلاحی تنظیموں کے تعاون سے معاشرے کے محروم طبقات کی مشکلات کے ازالے کیلئے مربوط اقدامات کئے جائیں۔
