(لاہور نیوز) پولٹری مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل دیکھنے میں آیا ہے، جہاں برائلر مرغی اور گوشت کے نرخوں میں کمی جبکہ انڈوں کی قیمت میں اضافہ کر دیا گیا۔
سرکاری نرخ نامے کے مطابق برائلر گوشت کی قیمت میں 8 روپے فی کلو کمی کے بعد نئی قیمت 490 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، تاہم مختلف علاقوں میں صافی گوشت 580 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔
اسی طرح زندہ برائلر کی قیمت میں 5 روپے فی کلو کمی کی گئی ہے، فارم گیٹ پر زندہ برائلر کی قیمت 310 روپے فی کلو مقرر کی گئی، جبکہ ہول سیل مارکیٹ میں یہ 324 روپے فی کلو اور پرچون بازار میں 338 روپے فی کلو فروخت کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب انڈوں کی قیمت میں 2 روپے فی درجن اضافہ کر دیا گیا ہے، جس کے بعد انڈوں کی نئی سرکاری قیمت 245 روپے فی درجن مقرر کی گئی ہے، ہول سیل مارکیٹ میں انڈوں کی ایک پیٹی کی قیمت 7 ہزار 230 روپے مقرر کی گئی ہے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق رواں ماہ کے دوران انڈوں کی قیمت میں مجموعی طور پر 19 روپے فی درجن اضافہ ہو چکا ہے، جس کے باعث شہریوں کو اضافی مالی بوجھ کا سامنا ہے۔
