(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر صوبے بھر میں مون سون شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا گیا۔
اس سلسلے میں ڈائریکٹر جنرل ماحولیات پنجاب موسیٰ رضا نے لاہور میں 500 پودے لگا کر مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا، ڈی جی ماحولیات موسیٰ رضا نے کہا کہ شجرکاری مہم کو لاہور سے پورے پنجاب تک مرحلہ وار وسعت دی جائے گی۔
انہوں نے شہریوں، صنعتوں اور مختلف اداروں پر زور دیا کہ زیادہ سے زیادہ پودے لگانے کے ساتھ ساتھ ان کی مکمل دیکھ بھال بھی یقینی بنائیں، کیونکہ صرف شجرکاری کافی نہیں بلکہ ان پودوں کو تناور درخت بنانا ہی اصل کامیابی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وسیع پیمانے پر شجرکاری کے ذریعے پنجاب کو مزید سرسبز، خوبصورت اور ماحول دوست بنایا جائے گا، جس سے موسمیاتی تبدیلیوں اور فضائی آلودگی کے اثرات کم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔
دوسری جانب ڈی جی ماحولیات نے لاہور میں مختلف اینٹوں کے بھٹوں کا بھی دورہ کیا، جہاں زگ زیگ ٹیکنالوجی کے استعمال اور انسدادِ سموگ اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
موسیٰ رضا نے ہدایت کی کہ سموگ سیزن سے قبل ہی احتیاطی اور اصلاحی اقدامات مکمل کئے جائیں تاکہ فضائی آلودگی پر مؤثر قابو پایا جا سکے، ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والے بھٹہ مالکان کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ فضائی آلودگی میں کمی اور صاف، صحت مند ماحول کی فراہمی حکومت پنجاب کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔
