15 Jul 2026
(لاہور نیوز) حج 2027 تا 2030 کے لیے گھر بیٹھے ڈیجیٹل حج رجسٹریشن کا عمل جاری ہے، نیشنل آئی ٹی بورڈ کے تیار کردہ حج پورٹل پر رجسٹرڈ عازمینِ حج کی تعداد سوا 3 لاکھ سے تجاوز کر گئی۔
اعداد و شمار کے مطابق حج پورٹل کے ذریعے 2 لاکھ 83 ہزار جبکہ موبائل ایپ "پاک حج" کے ذریعے 43 ہزار عازمین نے رجسٹریشن کرائی۔
رجسٹرڈ افراد میں سے 2 لاکھ 35 ہزار نے سرکاری حج سکیم جبکہ 90 ہزار نے پرائیویٹ حج سکیم کا انتخاب کیا، رجسٹرڈ عازمین میں 1 لاکھ 91 ہزار مرد اور 1 لاکھ 34 ہزار خواتین شامل ہیں۔
حکام کے مطابق آن لائن حج رجسٹریشن کا عمل اگلے اعلان تک جاری رہے گا، نیشنل آئی ٹی بورڈ نے حج واجبات کی آن لائن وصولی کا نظام بھی تیار کر لیا ہے، حج پیکیج کی تفصیلات اور رقوم کی وصولی کا طریقہ کار جلد جاری کیا جائے گا۔
