(لاہور نیوز) دریائے سندھ، جہلم، چناب، راوی، ستلج اور کابل کے تمام اہم گیجنگ اسٹیشنز پر پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ریکارڈ کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق نالہ بسنتر کے علاوہ دریائے چناب اور راوی سے ملحق تمام اہم نالوں میں بھی پانی کا بہاؤ معمول پر ہے، جبکہ ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے رودکوہی نالوں کے گیجنگ مقامات پر پانی کا کوئی بہاؤ ریکارڈ نہیں کیا گیا۔
آبی ذخائر کی صورتحال کے مطابق تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح 1503.19 فٹ جبکہ منگلا ڈیم میں 1172.90 فٹ ریکارڈ کی گئی۔
اعداد و شمار کے مطابق تربیلا ڈیم اس وقت اپنی گنجائش کا 56 فیصد بھر چکا ہے، جبکہ گزشتہ سال اسی تاریخ کو یہ 79 فیصد بھرا ہوا تھا، اسی طرح منگلا ڈیم میں اس وقت 37 فیصد پانی ذخیرہ ہے، جبکہ گزشتہ سال آج کے دن یہ 47 فیصد تک بھر چکا تھا۔
ماہرین کے مطابق دریاؤں میں مجموعی طور پر پانی کا بہاؤ معمول پر ہے، تاہم آبی ذخائر کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔
