(لاہور نیوز) پنجاب پولیس کو نئے اولیو گرین یونیفارم کی دوسری کھیپ موصول ہو گئی ہے، جس کے تحت 40 ہزار یونیفارم لاجسٹک برانچ کے حوالے کر دیئے گئے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق موصول ہونے والے یونیفارم کو معیار کی جانچ (انسپیکشن) کیلئے بھجوا دیا گیا ہے، انسپیکشن مکمل ہونے کے بعد نئے اولیو گرین یونیفارم کی تقسیم کا آغاز لاہور سے کیا جائے گا، جبکہ رواں مالی سال میں سب سے پہلے لاہور پولیس کے اہلکاروں کو نیا یونیفارم فراہم کیا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ پنجاب پولیس رواں مالی سال کے دوران مجموعی طور پر 2 لاکھ اولیو گرین یونیفارم خرید رہی ہے، جو ایک نجی فرم سے تقریباً پونے دو ارب روپے میں حاصل کئے جا رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق نجی فرم اکتوبر تک تمام 2 لاکھ یونیفارم پنجاب پولیس کی لاجسٹک برانچ کے حوالے کر دے گی، منصوبے کے تحت رواں مالی سال میں پنجاب پولیس کے ہر اہلکار کو دو یونیفارم فراہم کئے جائیں گے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ گزشتہ مالی سال کے دوران اہلکاروں کو نیا یونیفارم فراہم نہیں کیا جا سکا تھا، تاہم اس سال تمام اہلکاروں کو مرحلہ وار نئے اولیو گرین یونیفارم دیئے جائیں گے۔
