(لاہور نیوز) پنجاب ایجوکیشن، کریکولم، ٹریننگ اینڈ اسیسمنٹ اتھارٹی (پیکٹا) کے قیام کے ڈیڑھ سال گزرنے کے باوجود مختلف ضم شدہ اداروں کے سینکڑوں ملازمین کے انتظامی اور مالی مسائل تاحال حل نہ ہو سکے۔
ذرائع کے مطابق پنجاب ایگزامینیشن کمیشن (PEC) اور قائد اکیڈمی کے ملازمین کا کیڈر اب تک تبدیل نہیں کیا جا سکا، جبکہ پی سی ٹی بی، پیک اور قائد اکیڈمی کے ملازمین کے سروس اسٹرکچر کا فیصلہ بھی تاحال نہیں ہو سکا۔
ملازمین کا کہنا ہے کہ کیڈر کی تبدیلی سے تنخواہوں میں اضافہ ہوگا، تاہم تاخیر کے باعث پیک اور قائد اکیڈمی کے ملازمین کی تنخواہیں اب بھی پی سی ٹی بی کے ملازمین سے کم ہیں۔
مزید برآں، پی سی ٹی بی کے 250 سے زائد ریٹائرڈ ملازمین کو پینشن میں 5 فیصد اضافے اور حاضر سروس ملازمین کو 10 فیصد سالانہ انکریمنٹ بھی ڈیڑھ سال گزرنے کے باوجود نہیں مل سکا۔
ملازمین کا مؤقف ہے کہ پیکٹا میں انضمام کے باوجود انہیں اتھارٹی کا باقاعدہ ملازم تسلیم نہیں کیا جا رہا، لہٰذا قانون سازی کے ذریعے سروس اسٹرکچر اور کیڈر کی تبدیلی کا عمل فوری مکمل کیا جائے۔
دوسری جانب پیکٹا حکام کا کہنا ہے کہ سروس اسٹرکچر اور کیڈر کی تبدیلی پر کام تیزی سے جاری ہے اور معاملات جلد مکمل کر لیے جائیں گے۔
