پنجاب: ٹرانسپورٹ پالیسی 2026 نافذ، آئی جی سمیت پولیس افسران کیلئے پٹرول کی حد مقرر
(لاہور نیوز) حکومت پنجاب نے ٹرانسپورٹ پالیسی 2026 نافذ کر دی ہے، جس کے تحت پولیس افسران کے لیے سرکاری گاڑیوں اور پٹرول کے استعمال سے متعلق نئی حدود مقرر کر دی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق ڈی آئی جی ٹیلی اینڈ ٹرانسپورٹ نے ٹرانسپورٹ پالیسی 2026 پر عملدرآمد کے لیے مراسلہ جاری کر دیا ہے جس کے مطابق ایس ایس پی ایم ٹی پنجاب سمیت تمام متعلقہ حکام کو نئی پالیسی پر فوری عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ آئی جی پنجاب کو سرکاری استعمال کیلئے 2800 سی سی کی ایک گاڑی اور 500 لیٹر پٹرول فراہم کیا جائے گا، دوسرے شہروں کے سرکاری دوروں کے لیے وہ 4700 سی سی گاڑی استعمال کر سکیں گے جبکہ دورے کی نوعیت کے مطابق پٹرول کی مقدار حاصل کریں گے۔ آئی جی کو ذاتی استعمال کے لیے 1800 سی سی کی ایک گاڑی اور 300 لیٹر پٹرول بھی فراہم کیا جائے گا۔
ایڈیشنل آئی جی (گریڈ 21) کے لیے ذاتی استعمال کی 1800 سی سی گاڑی اور 250 لیٹر پٹرول مقرر کیا گیا ہے جبکہ سرکاری دوروں کے لیے انہیں 2800 سی سی گاڑی اور دورے کی ضرورت کے مطابق پٹرول فراہم کیا جائے گا۔
دوسری جانب تمام پولیس افسران سے اضافی سرکاری گاڑیاں واپس لینے اور محکمے کے مختلف منصوبوں پر استعمال ہونے والی گاڑیاں متعلقہ محکموں کے حوالے کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔
