مون سون بارشیں: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی تمام اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت
(لاہور نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں مون سون بارشوں کے آغاز کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں، کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور فیلڈ افسران کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دیں۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ بارش کے پانی کی فوری نکاسی کو یقینی بنایا جائے اور واسا آپریشنز کی مسلسل نگرانی کی جائے، تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹرز کو بھی الرٹ رکھا جائے اور نشیبی علاقوں اور چوکنگ پوائنٹس سے پانی جلد از جلد نکالنے، برساتی نالوں اور ڈرینز کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے۔
مریم نواز نے کہا کہ شہری علاقوں میں بارش کا پانی جمع نہیں ہونا چاہیے، محکمہ آبپاشی کی ٹیمیں مکمل طور پر الرٹ رہیں اور نہروں میں پانی کے بہاؤ کی مسلسل نگرانی کریں، انہوں نے شہری اور دیہی علاقوں میں تمام مین ہولز پر ڈھکن یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ بارشوں کے دوران حفاظتی اقدامات پر سختی سے عملدرآمد کا حکم دیا۔
وزیر اعلیٰ نے کنسٹرکشن سائٹس پر حفاظتی انتظامات مکمل رکھنے، خستہ حال اور حساس عمارتوں کی خصوصی نگرانی کرنے جبکہ سیف سٹی اتھارٹی، سی ٹی او اور دیگر متعلقہ اداروں کو ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور شہریوں کی بروقت رہنمائی یقینی بنانے کا بھی حکم دیا ہے۔
