(لاہور نیوز) شہر میں کم عمر، بغیر لائسنس ڈرائیورز اور ٹرپل سواری کے خلاف آج خصوصی جنرل ہولڈ اپ کیا جائے گا۔
چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے تمام سرکل افسران کو کریک ڈاؤن اپنی نگرانی میں مؤثر انداز میں یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
سی ٹی او لاہور کے مطابق کارروائی کے دوران کم عمر افراد کی جانب سے چلائی جانے والی گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کو چالان کے ساتھ بند کر دیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ کم عمر ڈرائیور کی موٹرسائیکل صرف جووینائل پرمٹ پیش کرنے کی صورت میں ہی چھوڑنے کی اجازت ہوگی۔
سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ تعطیلات کے روز اکثر کم عمر بچے موٹرسائیکل، گاڑی اور رکشہ لے کر سڑکوں پر نکل آتے ہیں، جس سے حادثات کے امکانات بڑھ جاتے ہیں، لہٰذا ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ لرنر پرمٹ پر کسی بھی شخص کو گاڑی چلانے کی اجازت نہیں ہے، بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانے والوں پر 5 ہزار روپے جبکہ موٹرسائیکل چلانے والوں پر 2 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا، اس کے ساتھ متعلقہ گاڑی یا موٹرسائیکل بھی بند کر دی جائے گی۔
سی ٹی او لاہور نے بتایا کہ لائسنس دفاتر کے باہر بھی خصوصی ہولڈ اپ لگائے جائیں گے، جہاں موٹرسائیکل سواروں کے ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی تاکہ شہری قانون کے مطابق ڈرائیونگ لائسنس حاصل کر سکیں۔
دوسری جانب سی ٹی او لاہور کے احکامات پر ٹریفک حادثات میں ملوث 68 ڈرائیورز کے ڈرائیونگ لائسنس معطل کر دیے گئے ہیں۔ اس اقدام کا مقصد شہر میں ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانا اور سڑکوں پر محفوظ ڈرائیونگ کو فروغ دینا ہے۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق ہر مہلک اور شدید غیر مہلک ٹریفک حادثے کی صورت میں متعلقہ ڈرائیور کا ڈرائیونگ لائسنس فوری طور پر معطل کیا جائے گا۔ حکام کا کہنا ہے کہ معطل شدہ لائسنس رکھنے والا کوئی بھی شخص اگر دوبارہ گاڑی چلاتا پایا گیا تو اس کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کیا جائے گا۔
سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم نے کہا کہ غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ پر متعلقہ ڈرائیور کا لائسنس کم از کم ایک سال کے لیے معطل رہے گا، جبکہ مہلک حادثات کے ذمہ دار افراد کو لائسنس کی معطلی کے ساتھ ساتھ قانونی کارروائی کا بھی سامنا کرنا ہوگا۔
انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔
