(لاہور نیوز) مون سون کے آغاز پر لاہور کے 135 سرکاری سکولوں کی مخدوش عمارتیں تاحال طلبہ اور اساتذہ کیلئے خطرہ بنی ہوئی ہیں، جبکہ فنڈز جاری ہونے کے باوجود گزشتہ مالی سال کے دوران تعمیر و مرمت کا کام مکمل نہ ہو سکا۔
ذرائع کے مطابق پالیسی میں تبدیلی کے باعث مخدوش عمارتوں کی بحالی کا منصوبہ تاخیر کا شکار رہا، حالانکہ ماضی میں ان عمارتوں میں چھتیں گرنے کے متعدد واقعات بھی پیش آ چکے ہیں، سٹریٹجک مینجمنٹ یونٹ نے خطرناک سکول عمارتوں کا تازہ سروے بھی مکمل کر لیا۔
دوسری جانب سی ای او ایجوکیشن کا کہنا ہے کہ گرمیوں کی تعطیلات کے دوران مخدوش عمارتوں کی مرمت کا بیشتر کام مکمل کر لیا جائے گا، جبکہ خطرناک عمارتوں، نئے کلاس رومز اور باؤنڈری والز کی تعمیر بیک وقت جاری ہے، حکام کے مطابق مون سون کے پیش نظر طلبہ کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے تعمیراتی سرگرمیوں میں تیزی لائی گئی ہے اور مخدوش عمارتوں کی بحالی ترجیحی بنیادوں پر جاری ہے۔
