(لاہور نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں پر سماعت سے متعلق تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔
چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل بینچ نے جاری حکم نامے میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکلاء کو اپیلوں پر دلائل دینے کیلئے حتمی مہلت دے دی۔
عدالت نے قرار دیا کہ اگر آئندہ سماعت پر اپیلوں کے حق میں دلائل پیش نہ کئے گئے تو مزید مہلت نہیں دی جائے گی اور نیب کا مؤقف سننے کے بعد دستیاب ریکارڈ کی بنیاد پر اپیلوں کا فیصلہ کر دیا جائے گا۔
حکم نامے کے مطابق سردار لطیف کھوسہ نے عدالت کو واضح انڈر ٹیکنگ دی ہے کہ وہ آئندہ سماعت پر مزید التواء کی درخواست نہیں کریں گے اور اپیلوں پر اپنے دلائل مکمل کریں گے۔
عدالت نے سردار لطیف کھوسہ کی انڈر ٹیکنگ کی بنیاد پر کیس ملتوی کرنے کی استدعا منظور کرتے ہوئے واضح کیا کہ اس مقدمے میں یہ آخری مہلت دی جا رہی ہے۔
