ٹول ٹیکس فیس میں اضافے کے خلاف پاکستان منی مزدہ ایسوسی ایشن کا احتجاجی اعلان
(لاہور نیوز) پاکستان منی مزدہ ایسوسی ایشن نے ٹول ٹیکس، ٹوکن ٹیکس اور ٹرانسفر فیس میں اضافے کے خلاف احتجاج اور دھرنے کا اعلان کر دیا۔
اس سلسلے میں پنجاب ٹرانسپورٹ ہاؤس کے باہر احتجاجی مظاہرہ اور دھرنا دیا جائے گا، ایسوسی ایشن کے مطابق احتجاج کا فیصلہ 2 جولائی کو مرکزی دفتر میں ہونے والے اجلاس میں کیا گیا، جس میں لاہور کے زونل عہدیداروں اور پنجاب بھر کے ضلعی صدور نے شرکت کی۔
مرکزی صدر تنویر احمد جٹ نے کہا کہ احتجاج اور دھرنے کی حتمی تاریخ کا اعلان جلد پریس کانفرنس کے ذریعے کیا جائے گا، پریس کانفرنس میں پنجاب بھر سے مزدہ ٹرانسپورٹرز شرکت کریں گے۔
تنویر احمد جٹ کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے ٹول ٹیکس، ٹوکن ٹیکس اور ٹرانسفر فیس میں اضافے کے فیصلے سے ٹرانسپورٹرز شدید متاثر ہوئے ہیں اور اگر مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو احتجاج مطالبات کی منظوری تک جاری رکھا جائے گا۔
