(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ صوبہ میں اقلیتوں کو مکمل تحفظ حاصل ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ’’پیغامِ امن کمیٹی‘‘ کے اراکین سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کے اقدامات کی تعریف ان کیلئے اعزاز کی بات ہے، جبکہ صوبے میں اقلیتوں کو مکمل تحفظ حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی پیغامِ امن کمیٹی ملک میں قیامِ امن کیلئے اہم کردار ادا کر رہی ہے اور پنجاب کے تمام ادارے محنت، لگن اور دلجمعی سے اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان ثالثی کے معاملے پر دنیا میں پاکستان کی پذیرائی ہوئی، جبکہ معرکۂ حق کی کامیابی کے بعد اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو عزت سے نوازا، انہوں نے اس کامیابی کا کریڈٹ وزیراعظم، نائب وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کو دیا۔
وزیراعلیٰ نے سرگودھا میں بچی کے قتل کے واقعے کو دل دہلا دینے والا قرار دیتے ہوئے کہا کہ دکاندار نے بچی کو قتل کرکے اس کی لاش چھپا دی تھی، ایسے حساس مقدمات میں وہ خود ملزمان کی گرفتاری تک تحقیقات اور کارروائی کی نگرانی کرتی ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ وہ جانتی ہیں کہ ایسے فیصلوں کے سیاسی اثرات بھی ہوتے ہیں، تاہم دور بیٹھ کر صرف تقاریر کرنا آسان ہے، اگر آپ محفوظ نہیں تو میں سمجھتی ہوں کہ میں ناکام ہوں۔
انہوں نے کاہنہ میں پیش آنے والے المناک واقعے پر بھی گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات انتہائی افسوسناک ہیں اور حکومت شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے۔
