پنجاب اور ازبک قراقلپاقستان کے درمیان اقتصادی و ثقافتی تعاون بڑھانے پر اتفاق
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ازبکستان کے خود مختار خطے قراقلپاقستان کے اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
وفد میں کونسل آف منسٹرز کے چیئرمین فرخد ارمانوف اور پاکستان میں ازبکستان کے سفیر علیشیر توختایوف شامل تھے۔ وزیر اعلیٰ نے معزز مہمانوں کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔
ملاقات میں پنجاب اور قراقلپاقستان کے درمیان خصوصی اقتصادی زونز میں تعاون بڑھانے، زراعت، لائیو اسٹاک، ٹیکسٹائل اور صنعتی شعبوں میں مشترکہ منصوبوں پر اتفاق کیا گیا۔ لاہور اور نوکُس (Nukus) کو “سسٹر سٹیز” قرار دینے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔
اس موقع پر قراقلپاقستان کو آلو کی کاشت کے لیے 100 سے 200 ہیکٹر زمین فراہم کرنے کے امکان کا جائزہ لیا گیا جبکہ پنجاب سے ازبکستان کو سالانہ 30 ہزار مویشیوں کی برآمد کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔
وفد نے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کو ازبکستان اور قراقلپاقستان کے دورے کی دعوت دی جو انہوں نے شکریہ کے ساتھ قبول کر لی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان تجارتی راہداری اور علاقائی تعاون کو مزید وسعت دینے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
