(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب لوکل روڈ پروگرام کے تحت سڑکوں کی تعمیر میں اہم کامیابی حاصل کر لی گئی، جہاں صرف 75 روز میں 1134 شاہراہوں کی تعمیر مکمل کر دی گئی۔
محکمہ تعمیرات و مواصلات کے مطابق 30 جون تک ایک ہزار شاہراہوں کی تعمیر کا ہدف مقرر کیا گیا تھا، تاہم فیلڈ فارمیشنز نے دن رات محنت کرتے ہوئے مقررہ ہدف سے 134 شاہراہیں زائد تعمیر کر کے مجموعی طور پر 1134 شاہراہوں کی تکمیل ممکن بنائی۔
اس پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو راجہ جہانگیر انور، اسپیشل سیکرٹری، ایڈیشنل سیکرٹریز، چیف انجینئرز، سپرنٹنڈنگ انجینئرز (ایس ایز) اور ایگزیکٹو انجینئرز (ایکسین) نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر ملک صہیب احمد بھرتھ نے مقررہ ہدف سے زیادہ شاہراہیں مکمل کرنے پر افسران اور فیلڈ ٹیموں کی کارکردگی کو سراہا، انہوں نے ہدایت کی کہ افسران اسی جذبے، محنت اور ٹیم ورک کے ساتھ پروگرام کے فیز ٹو کے اہداف کے حصول پر توجہ مرکوز رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ محنت، دیانت داری اور ٹیم ورک کے ذریعے بڑے سے بڑا ہدف حاصل کیا جا سکتا ہے، صوبائی وزیر نے نئی تعمیر شدہ شاہراہوں پر آئندہ دس روز کے اندر لائن مارکنگ اور سائن بورڈز کی تنصیب مکمل کرنے کی بھی ہدایت جاری کی۔
ملک صہیب احمد بھرتھ کا کہنا تھا کہ ان منصوبوں سے پنجاب کے عوام کو بہتر اور محفوظ سفری سہولیات میسر آئیں گی، جبکہ حکومت کا عزم عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ہے۔
