(لاہور نیوز) باغوں کے شہر لاہور میں شدید گرمی کا سلسلہ آج بھی جاری ہے، جہاں سورج دن بھر پوری آب و تاب سے چمک رہا ہے۔
حبس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے, نمی میں اضافے کے باعث گرمی کی شدت معمول سے کہیں زیادہ محسوس کی جا رہی ہے، جس سے ہیٹ ویو کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہوا میں نمی کا تناسب 59 فیصد ہے، جبکہ ہوائیں 10 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں, تاہم نمی کے باعث موسم گرم، خشک اور شدید حبس والا رہے گا، جس سے گرمی کی شدت مزید بڑھ سکتی ہے۔
ماہرین نے شہریوں کو سخت احتیاط برتنے کی ہدایت کرتے ہوئے غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے اور طویل سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے، خاص طور پر بچوں، بزرگوں اور مختلف بیماریوں میں مبتلا افراد کو زیادہ احتیاط کرنے، وافر مقدار میں پانی پینے اور خود کو ٹھنڈی اور ہوادار جگہوں پر رکھنے کی تلقین کی گئی ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق شدید گرمی اور حبس کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہیٹ سٹروک اور دیگر موسمی بیماریوں سے محفوظ رہنے کیلئے انتہائی ضروری ہے۔
