صوبائی بجٹ میں ٹیکسوں میں اضافہ نہ کرنے سے ایس ایم ایز کوفائدہ پہنچے گا: مریم نواز
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مائیکرو، سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز(ایس ایم ایز) کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اس دن کا مقصد چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور اس شعبے پر حکومتی توجہ مرکوز کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے فروغ کے بے شمار مواقع موجود ہیں اور حکومت ایس ایم ایز سے وابستہ تاجروں کو عالمی منڈیوں تک رسائی فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون کرے گی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت پنجاب "آسان کاروبار فنانس" اور "آسان کاروبار کارڈ" کے ذریعے ایس ایم ایز کی بھرپور معاونت کر رہی ہے۔ ان کے مطابق آسان کاروبار سکیم کے باعث ٹرانسپورٹ سیکٹر اور ہول سیل کاروبار میں مثبت رجحان دیکھنے میں آ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت لائیو سٹاک، زراعت، دستکاری، گارمنٹس اور دیگر شعبوں میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے، کیونکہ ان شعبوں میں سرمایہ کاری معاشی استحکام اور اقتصادی خوشحالی کے لیے ناگزیر ہے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ یہ دن انٹرپرینیورشپ میں جدت، اختراع اور کاروباری صلاحیتوں کے فروغ کے عزم کی تجدید کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی ترجیحات میں انٹرپرینیورشپ کے کلچر کے فروغ کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا شامل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایس ایم ایز ناصرف روزگار کے مواقع پیدا کرتی ہیں بلکہ خوشحالی کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں، اسی لیے سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز کو معیشت کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیا جاتا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی بجٹ میں ٹیکسوں میں اضافہ نہ کرنے سے ایس ایم ایز کو نمایاں فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ صوبے میں امن و امان کی بہتر صورتحال کے باعث کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت چھوٹی صنعتوں کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن وسائل فراہم کر رہی ہے، جبکہ درمیانے درجے کے کاروباروں کے لیے لاجسٹک سپورٹ، جدید ٹیکنالوجی اور منڈیوں تک رسائی میں اضافے پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
