(لاہور نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضیٰ نے یومِ عاشور کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ واقعۂ کربلا قربانی، وفا اور اصولوں پر کاربند رہنے کی بہترین مثال ہے، جو ہر دور میں انسانیت kiluy مشعلِ راہ رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ یومِ عاشور ہمیں حق و باطل کے درمیان ابدی جدوجہد کا پیغام دیتا ہے اور یہ عظیم دن حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کے نواسے حضرت امام حسینؓ کی لازوال قربانی کی یاد تازہ کرتا ہے۔
حسن مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ کربلا میں حضرت امام حسینؓ اور ان کے جانثار ساتھیوں نے حق و صداقت، انصاف اور دین کی سربلندی کیلئے عظیم قربانیاں دیں، جنہیں تاریخ ہمیشہ یاد رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ شہدائے کربلا کی قربانی اس حقیقت کا واضح ثبوت ہے کہ ظلم کبھی بھی حق پر غالب نہیں آ سکتا اور باطل کا انجام ہمیشہ شکست ہی ہوتا ہے۔
جنرل سیکرٹری پیپلز پارٹی وسطی پنجاب نے مزید کہا کہ واقعۂ کربلا پاکستان پیپلز پارٹی کے جیالوں کیلئے ہمیشہ مشعلِ راہ رہے گا اور اس سے صبر، استقامت اور حق کیلئے ڈٹ جانے کا درس ملتا ہے۔
