لاہور:(محمد اشفاق )لاہور ہائیکورٹ میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے انکشاف کیا ہے کہ پنجاب میں خواجہ سراؤں کے لیے صرف پانچ پبلک ٹوئلٹس موجود ہیں پنجاب بھر میں معذور افراد کے لیے دس پبلک ٹوئلٹس موجود ہیں۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس راحیل کامران نے جوڈیشل ایکٹوزم پینل کی درخواست پر سماعت کی۔
ایڈووکیٹ اظہر صدیق نے موقف اختیار کیا کہ پنجاب بھر میں پبلک ٹوائلٹس نہ ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جب کہ معذور افراد اور خواجہ سراؤں کے لیے بھی الگ پبلک ٹوائلٹس موجود نہیں ہیں لہٰذا عدالت ذمہ داروں سے رپورٹ طلب کرے ۔
عدالتی حکم پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے پنجاب بھر میں پبلک ٹوائلٹس تعمیر کرنے سے متعلق درخواست میں رپورٹ جمع کروا دی۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ صوبے بھر میں اس وقت ایک ہزار 420 پبلک ٹوائلٹس موجود ہیں 1293 پبلک ٹوائلٹس فعال ہیں جبکہ 127 غیر فعال ہیں پنجاب بھر میں مردوں کے لیے 672 جبکہ خواتین کے لیے 568 پبلک ٹوائلٹس موجود ہیں، پنجاب میں خواجہ سراؤں کے لیے صرف پانچ پبلک ٹوئلٹس موجود ہیں پنجاب بھر میں معذور افراد کے لیے دس پبلک ٹوئلٹس موجود ہیں۔
عدالت نے درخواست پر وکیل کو آئندہ سماعت پر بحث کرنے کی ہدایت کردی۔
