(لاہور نیوز) یکم محرم الحرام کے موقع پر امن و امان کے قیام اور سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے لاہور پو لیس نے سرچ اور کومبنگ آپریشنز میں مزید تیزی کر دی ہے۔
ترجمان لاہور پولیس کے مطابق رواں سال اب تک شہر بھر میں 1966 سرچ اور کومبنگ آپریشنز کیے جا چکے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق آپریشنز کے دوران ایک لاکھ سے زائد گھروں اور ایک لاکھ 89 ہزار سے زائد افراد کی بائیومیٹرک تصدیق کی گئی، جبکہ 891 مشتبہ افراد اور 158 اشتہاری ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی پر 179 جبکہ ناجائز اسلحہ رکھنے پر 83 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
ترجمان کے مطابق کارروائیوں کے دوران شراب نوشی کے 38 اور منشیات فروشی کے 61 مقدمات بھی درج کیے گئے۔ سکیورٹی اقدامات کے تحت 34 امام بارگاہوں، 20 مساجد، 12 درباروں، 343 ہوٹلوں، 467 ہاسٹلز اور 161 گیسٹ ہاؤسز کی چیکنگ کی گئی۔
سی سی پی اونے ہدایت کی ہے کہ محرم الحرام کے دوران سرچ اور کومبنگ آپریشنز کا سلسلہ جاری رکھا جائے۔ انہوں نے امام بارگاہوں اور دیگر عبادت گاہوں کے گرد و نواح میں روزانہ کی بنیاد پر کومبنگ آپریشنز اور مؤثر سکیورٹی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کی۔
سی سی پی او لاہور کا کہنا تھا کہ ڈولفن سکواڈ اور پی آر یو ٹیمیں امام بارگاہوں کے اطراف مؤثر گشت کو یقینی بنائیں، جبکہ جرائم کی بیخ کنی اور امن و امان کے قیام کیلئے پروایکٹو پولیسنگ کی حکمت عملی اپنائی جائے۔
