(لاہور نیوز) لاہور پولیس نے ون ویلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کر دیا۔
ترجمان لاہور پولیس کے مطابق ماہِ اکتوبر کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 159 ون ویلرز کو گرفتار کر کے مقدمات درج کر لئے گئے، رواں سال اب تک ون ویلنگ میں ملوث 1 ہزار 429 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے جبکہ ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق ڈویژن کی سطح پر ماڈل ٹاؤن میں سب سے زیادہ 339 ون ویلرز گرفتار کئے گئے، کینٹ ڈویژن میں 290 جبکہ سول لائنز ڈویژن میں 216 افراد کو حراست میں لیا گیا۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ کسی کو بھی قانون شکنی کی اجازت نہیں دی جائے گی اور ون ویلنگ کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی، انہوں نے نوجوانوں کو خبردار کیا کہ وہ ون ویلنگ اور موٹرسائیکلوں میں غیرقانونی آلٹریشن سے گریز کریں، بغیر سائلنسر موٹرسائیکل چلانے والوں کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی۔
بلال صدیق کمیانہ کا کہنا تھا کہ ٹریفک قوانین کی پابندی ایک مہذب معاشرے کی پہچان اور ہر شہری کی ذمہ داری ہے، شہری اپنی اور دوسروں کی جانوں کی حفاظت کیلئے ٹریفک قوانین پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔
