پنجاب بھر میں محرم الحرام کے دوران دفعہ 144 نافذ، 7 اقسام کی پابندیاں عائد
(لاہور نیوز) محکمہ داخلہ پنجاب نے محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے اور سکیورٹی انتظامات کو مؤثر بنانے کے لیے صوبہ بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے، اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب بھر میں یکم سے 10 محرم الحرام (17 جون تا 26 جون) دفعہ 144 نافذ العمل رہے گی، جبکہ صوبے میں مجموعی طور پر 7 اقسام کی پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔
حکم نامے کے تحت محرم الحرام کے منظور شدہ جلوسوں اور مجالس کے علاوہ کسی نئی اختراع یا سرگرمی کی اجازت نہیں ہوگی۔ مجاز اتھارٹی کی پیشگی اجازت کے بغیر عوامی مقامات پر ہر قسم کے ہتھیاروں، آتش گیر یا دھماکہ خیز مواد کی نمائش پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
محکمہ داخلہ کے مطابق عوامی جذبات، عقائد اور مختلف مکاتب فکر کو مشتعل کرنے والے نعروں، اشاروں اور دیگر اشتعال انگیز سرگرمیوں پر مکمل پابندی ہوگی۔ اسی طرح کسی بھی ذریعے یا الیکٹرانک ڈیوائس کے ذریعے فرقہ وارانہ یا نسلی منافرت پھیلانے والے بیانات اور تبصروں پر بھی دفعہ 144 کا اطلاق ہوگا۔
نوٹیفکیشن میں جلوسوں کے راستوں پر واقع مکانات اور دیگر عمارتوں کی چھتوں پر مورچے بنانے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ جلوس کے راستوں میں واقع عمارتوں کی چھتوں پر پتھر، اینٹیں، بوتلیں یا دیگر اشیا جمع کرنے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔
حکم نامے کے مطابق جلوس کے دوران راستے میں واقع عمارتوں کی چھتوں یا دکانوں کے تھڑوں پر بطور تماشائی موجودگی پر بھی پابندی ہوگی۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد کر دی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ڈبل سواری پر پابندی صرف 9 اور 10 محرم الحرام کو نافذ ہوگی، تاہم بزرگ شہری، خواتین اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے دفعہ 144 کے نفاذ کے احکامات کی عوامی آگاہی کے لیے بڑے پیمانے پر تشہیر کرنے کی بھی ہدایت جاری کی ہے۔
