پنجاب: امام بارگاہوں کو کیو آر بیسڈ ڈیجیٹل سکیورٹی نیٹ ورک سے منسلک کر دیا گیا
(لاہور نیوز) پنجاب بھر میں پہلی بار امام بارگاہوں کو کیو آر بیسڈ ڈیجیٹل سکیورٹی نیٹ ورک سے منسلک کر دیا گیا۔
سیف سٹی نے 4 ہزار 500 سے زائد امام بارگاہوں کی جیو ٹیگنگ، جیو میپنگ اور کیو آر پینک بٹن کی تنصیب مکمل کر لی، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے QR پینک بٹن سسٹم کی صوبہ بھر میں توسیع کی منظوری دیتے ہوئے فوری نفاذ کی ہدایات جاری کی تھیں، کیو آر پینک بٹن سکین کرتے ہی امام بارگاہ کی لوکیشن، انتظامیہ کی معلومات اور ایمرجنسی رابطہ سہولیات فوری دستیاب ہوں گی۔
کیو آر پینک بٹن کے ذریعے ایمرجنسی 15، لائیو چیٹ اور ویڈیو کال کی سہولت فراہم کی گئی ہے، ہنگامی صورتحال میں QR پینک بٹن کے ذریعے سیف سٹی کنٹرول روم سے فوری رابطہ ممکن ہوگا، محرم الحرام کے دوران مجالس، جلوسوں اور حساس مقامات کی 24 گھنٹے جدید ڈیجیٹل مانیٹرنگ جاری رہے گی۔
ترجمان سیف سٹی کے مطابق 43 سمارٹ سیف سٹی سنٹرز اور سیف سٹی کیمروں کے ذریعے محرم سکیورٹی کی ریئل ٹائم نگرانی یقینی بنائی جائے گی، جدید جیو میپنگ، سمارٹ سرویلنس اور ڈیجیٹل سکیورٹی سسٹمز سے ایمرجنسی رسپانس مزید تیز اور مؤثر بنایا گیا ہے جبکہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے عزاداروں کے تحفظ اور پرامن ماحول کے قیام کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
