(لاہور نیوز) پنجاب کی وزیر اعلی مریم نواز نے محرم الحرام کے دوران تین سطحی سکیورٹی پلان نافذ کرنے کا حکم دے دیا، ڈرونز کے استعمال پر پابندی ،لاؤڈ سپیکر کے غیر قانونی استعمال کی اجازت نہیں ہو گی۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز کی زیرصدارت محرم الحرام کے انتظامات، سکیورٹی سے متعلق اجلاس ہوا، پنجاب میں پہلی بار 4700 امام بارگاہوں پر کیو آر کوڈڈ پینک بٹن انسٹال کیا گیا، وزیر اعلیٰ پنجاب نے اپیل کی کہ منتظمین مجالس فوری طور پر کیو آر کوڈ ڈاؤن لوڈ کریں۔ کیو آر کوڈ سکین کرتے ہی سکیورٹی اور انتظامی ادارے فوری حرکت میں آئیں گے۔
مریم نواز نے محرم الحرام کے دوران تین سطحی سکیورٹی پلان نافذ کرنے کا حکم دے دیا، ڈرونز کے استعمال پر پابندی ، لاؤڈ سپیکر کے غیر قانونی استعمال کی اجازت نہیں ہو گی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ صوبہ بھر میں مجموعی طور پر 47 ہزار 280 مجالس اور جلوسوں کا انعقاد ہو گا، پنجاب بھر میں 37 ہزار 868 مجالس اور 9 ہزار 412 جلوس برآمد ہوں گے، صوبے میں 1 لاکھ 25 ہزار 641 پولیس اہلکار سکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔ سکیورٹی کے لیے پاک فوج کی 61 اور رینجرز کی 76 کمپنیاں طلب کر لی گئیں۔
پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی محرم الحرام کے جلوسوں کی لائیو ڈیجیٹل مانیٹرنگ کرے گی ۔ جلوسوں روٹس اور اوقات کار کی پابندی سے متعلق خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس، پنجاب بھر میں امن کمیٹیوں کے تحت نچلی سطح پر 1 ہزار 220 کوآرڈینیشن میٹنگز مکمل کرلی گئیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ کمشنرز ،آر پی اوز، ڈی پی اوز سب فیلڈ میں،کوئی دفتر میں نہیں بیٹھے گا، محرم الحرام کے انتظامات پہلے سے زیادہ بہترین اور فول پروف ہوں گے، امام بارگاہوں اور جلوس کے روٹس پر صفائی کے مثالی انتظامات کیے جائیں گے جبکہ پنجاب بھر کے جلوسوں کے روٹس پر مین ہولز کو فوری طور پر کور کرنے کی ہدایت کی گئی ہے.
