(لاہور نیوز) محرم الحرام اور مون سون سیزن کے دوران شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے پنجاب بھر میں واٹر اینڈ سینیٹیشن ایجنسی (واسا) کو ہائی الرٹ کر دیا گیا۔
جاری کردہ ہدایات کے مطابق تمام جاری چھٹیاں بھی فوری طور پر منسوخ تصور ہوں گی جبکہ کوئی بھی واسا افسر سیکرٹری ہاؤسنگ کی پیشگی منظوری کے بغیر چھٹی پر نہیں جا سکے گا۔
سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل نے ہدایت کی ہے کہ محرم الحرام اور مون سون کے دوران شہریوں کو بلا تعطل سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے، انہوں نے نکاسی آب، سیوریج اور صاف پانی کی فراہمی سے متعلق تمام ٹیموں کو فیلڈ میں متحرک رہنے اور کسی بھی شکایت پر فوری کارروائی کرنے کا حکم دیا۔
انہوں نے کہا کہ بارشوں یا کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے واسا کے افسران اور عملہ ہمہ وقت تیار رہیں تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
سیکرٹری ہاؤسنگ نے محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے راستوں پر خصوصی انتظامات مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ جلوسوں کے روٹس پر نکاسی آب، صفائی ستھرائی اور پانی کی فراہمی کے مؤثر انتظامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ عزاداروں کو بہترین سہولیات میسر آ سکیں۔
حکام کے مطابق تمام واسا دفاتر اور فیلڈ ٹیموں کو الرٹ رہنے اور صورتحال کی مسلسل نگرانی کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے، اس سلسلے میں سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب نورالامین مینگل نے تمام واسا افسران کی چھٹیاں منسوخ کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔
