(لاہورنیوز) وفاقی کابینہ نے بجٹ مسودے کی منظوری دے دی، جس میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ بھی منظور کرلیا گیا۔
وفاقی دارالحکومت میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس ہوا، جس میں نئے مالی سال کے لیے بجٹ دستاویزات کے مسودے کی منظوری دے دی گئی۔
اجلاس میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافے پر تفصیلی غور کیا گیا، جس کے بعد ملازمین کی تنخواہوں میں 7 فی صد اور پنشن میں بھی 7 فیصد اضافے کی منظوری دے دی گئی۔
اجلاس میں تنخواہ میں شامل ر 2022 کا 15 فیصد ایڈہاک ریلیف اور 2025 کا 10 فیصد ایڈہاک ریلیف تنخواہ میں ضم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اِسی طرح وفاقی کابینہ سے منظوری کے فوری بعد وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب قومی اسمبلی میں نئے مالی سال کا وفاقی بجٹ پیش کریں گے۔
دوسری جانب شہباز شریف نے کابینہ اجلاس میں بجٹ 27-2026 کی تیاری میں میں بھرپور ساتھ دینے پر اتحادی جماعتوں کا شکریہ ادا کرنے کے ساتھ ساتھ آئی ایم ایف کی معاونت پر بھی اظہار تشکر کیا۔
علاوہ ازیں کابینہ اجلاس میں وفاقی وزرا اور وزرائے مملکت نے ڈیسک بجا کر وزیراعظم کی تائید کی۔
