(لاہور نیوز) پاکستان میں ڈیجیٹلائزیشن کے شعبے میں اہم پیش رفت جہاں ملک میں سمارٹ فون کے استعمال کی شرح بڑھ کر 71.6 فیصد ہو گئی جبکہ دیگر عام موبائل فون استعمال کرنیوالے صارفین کی تعداد کم ہو کر 28 فیصد رہ گئی ہے۔
اقتصادی سروے کے مطابق ملک میں موبائل اور فکسڈ فون صارفین کی مجموعی تعداد 20 کروڑ 72 لاکھ 20 ہزار تک پہنچ گئی ہے، موبائل کنکشنز کا مجموعی تناسب بڑھ کر 82.6 فیصد ہو گیا، جو گزشتہ سال 81 فیصد تھا۔
ملک میں براڈ بینڈ صارفین کی تعداد 16 کروڑ 10 لاکھ تک پہنچ چکی ہے، جبکہ مارچ 2026ء تک 16 کروڑ 16 لاکھ موبائل فون مقامی سطح پر تیار کیے جا چکے ہیں۔
پاکستان دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جہاں انٹرنیٹ ڈیٹا انتہائی کم قیمت پر دستیاب ہے، ملک میں انٹرنیٹ ڈیٹا کے مجموعی استعمال کا حجم 30 ہزار 783 پیٹا بائٹس تک پہنچنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ اعداد و شمار پاکستان میں ڈیجیٹل معیشت، آن لائن کاروبار اور انٹرنیٹ رسائی میں تیزی سے ہونے والی پیشرفت کی عکاسی کرتے ہیں۔
