(لاہورنیوز) وفاقی حکومت نے بجٹ اجلاس 12 جون سے بجٹ کی منظوری تک بلا تعطل جاری رکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت کی کوشش ہے کہ بجٹ کو عاشورہ محرم سے قبل 23 یا 24 جون تک پارلیمنٹ سے منظور کروا لیا جائے، اس مقصد کے لیے بجٹ اجلاس بغیر کسی وقفے کے مسلسل جاری رہے گا جبکہ ہفتہ اور اتوار کی تعطیلات بھی نہیں ہوں گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیر صدارت پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس میں بجٹ اجلاس کے شیڈول پر غور کیا گیا، جس کے تحت اجلاس منظوری تک مسلسل جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اگر کسی وجہ سے عاشورہ محرم سے قبل بجٹ کی منظوری ممکن نہ ہو سکی تو صرف عاشورہ کی سرکاری تعطیلات ہوں گی، اس کے علاوہ اجلاس میں کوئی وقفہ نہیں دیا جائے گا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ ضمنی گرانٹس کی منظوری محرم الحرام کی تعطیلات کے بعد لی جائے گی، جبکہ حکومت کا ہدف ہر صورت عاشورہ سے قبل بجٹ کی منظوری حاصل کرنا ہے۔
