(لاہورنیوز) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس کل ہوگا، اجلاس میں 16 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں اسلام آباد پیس ٹاکس کے حوالے سے سکیورٹی کے انتظامات کے لئے 70 کروڑ روپے کی گرانٹ وزارت داخلہ کو فراہم کرنے کی منظوری دی جا سکتی ہے۔
ریکوڈک پراجیکٹ کی سکیورٹی کے لیے فرنٹیئر کور کو 41 کروڑ روپے کی گرانٹ دینے پر غور ہوگا، منشیات کی روک تھام کے لئے وزارت داخلہ کو جدید کشتیاں فراہم کرنے کی گرانٹ پر غور کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق پائیدار ترقی کے اہداف کے سلسلے میں 7 ارب روپے کی گرانٹ پر غور کیا جا سکتا ہے، پاکستان ٹیلی ویژن کے لیے 30 کروڑ روپے کی گرانٹ پر غور کیا جائے گا۔
اجلاس میں پاک بحریہ کے ہینگر پراجیکٹ کے لیے تکنیکی ضمنی گرانٹ منظور ہوسکتی ہے، ترلائی، اسلام آباد میں امام بارگاہ خدیجتہ الکبریٰ میں بم دھماکے کے دوران خاندانوں اور زخمی ہونے والے افراد کے لیے معاوضے کا پیکیج ہوسکتا ہے۔
پاکستان لینڈ پورٹس اتھارٹی کے لیے 52 کروڑ روپے کے فنڈز منظور ہوسکتے ییں، ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبے میں ایس سی او کے لیے تکنیکی معاونت کی سمری زیر غور آئے گی۔
ذرائع کے مطابق پارلیمانی امور کی وزارت کے لیے 11 کروڑ روپے کی گرانٹ پر غور ہوگا، کراچی کے پی ایس ڈی پی فنڈز اور پی آئی ڈی سی ایل کرنٹ اکاؤنٹ میں حیدرآباد پیکیج کی سمری زیر غور آئے گی۔
اقصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان منٹ کی اپگریڈیشن کے لیے ایک ارب 30 کروڑ روپے کی تکنیکی سپلیمنٹری گرانٹ پر غور کیا جائے گا۔
