(لاہور نیوز) سی ٹی او سید عبدالرحیم شیرازی کا ٹریفک وارڈنز اور ان کے اہل خانہ کی فلاح و بہبود کے لیے ایک اہم قدم، لاہور ٹریفک پولیس اور مختاراں رفیق ویلفیئر ہسپتال کے درمیان مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کرا دیئے۔
معاہدے کے مطابق ٹریفک پولیس کے ملازمین اور ان کے اہل خانہ کو او پی ڈی سمیت متعدد طبی سہولیات مفت فراہم کی جائیں گی جبکہ مختلف میڈیکل سروسز پر خصوصی رعایت بھی دی جائے گی۔
وارڈنز مختاراں رفیق لیب سے 45 فیصد تک رعایت پر طبی ٹیسٹ اور دیگر سہولیات حاصل کر سکیں گے، اسی طرح ٹریفک اہلکار اپنے 6 فیملی ممبران کے میڈیکل ٹیسٹ بھی خصوصی رعایت کے ساتھ کروا سکیں گے۔
معاہدے میں یہ بھی طے پایا ہے کہ شہداء، غازیوں اور مستحق ٹریفک سٹاف کے اہل خانہ کو 100 فیصد مفت طبی سہولیات دی جائیں گی جبکہ سرجریز، تشخیصی ٹیسٹ اور ادویات پر بھی خصوصی رعایت نرخوں پر فراہم کی جائیں گی۔
