(ویب ڈیسک) اداکار فہد مصطفیٰ نے پنجاب حکومت سے سینما گھروں کے اوقاتِ کار میں نرمی کی اپیل کی ہے تاکہ عوام کو فلمیں دیکھنے کے لیے مناسب وقت مل سکے۔
فہد مصطفیٰ نے اس حوالے سے وزیر برائے اطلاعات و ثقافت مریم اورنگزیب کو ایک کھلا خط لکھا، اپنے خط میں انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ موجودہ کفایت شعاری اقدامات کے تحت شاپنگ مالز اور ان کے اندر قائم سینما گھروں کو شام 8 بجے بند کرنے کی ہدایت دی گئی ہے جس کے باعث سینما انڈسٹری متاثر ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چونکہ زیادہ تر شائقین دن کے اوقات میں مصروف ہوتے ہیں اس لیے وہ صرف شام اور رات کے اوقات میں ہی فلمیں دیکھنے کے لیے آ سکتے ہیں۔
اداکار کے مطابق سینما گھروں کے اوقات محدود ہونے سے حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلموں کی باکس آفس کارکردگی متاثر ہو رہی ہے، جو اس اہم عرصے میں ناظرین تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
فہد مصطفیٰ نے کہا کہ اگر سینما گھروں کے اوقات میں معمولی توسیع کر دی جائے تو اس سے نہ صرف ٹکٹوں کی فروخت میں اضافہ ہوگا بلکہ روزگار کے مواقع بھی بہتر ہوں گے اور تفریحی شعبے کو بھی سہارا ملے گا۔
انہوں نے پنجاب حکومت کی جانب سے فلم انڈسٹری کے لیے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ لاہور میں فلم سٹی کے قیام جیسے منصوبے قابلِ تحسین ہیں، تاہم انہوں نے درخواست کی کہ حکومت ایک ’معمولی نرمی‘ کے تحت سینما اوقات میں توسیع پر غور کرے جو فلم سازوں، نمائش کنندگان اور شائقین تینوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگی۔
واضح رہے کہ فہد مصطفیٰ کی فلم زومبیڈ عیدالاضحیٰ کے موقع پر ریلیز ہوئی تھی اور ملک بھر کے سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی گئی۔
