(لاہور نیوز) لاہور تعلیمی بورڈ کے تحت امتحانات میں شرکت کرنے والے لاکھوں امیدواروں کے لیے بڑی سہولت فراہم کی جا رہی ہے، جس کے تحت داخلہ فارم جمع کروانے کے عمل کومکمل طور پر پیپر لیس بنانے کی تجویز سامنے آ گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق اس وقت لاہور بورڈ کے تحت ہر سال تقریباً 6 لاکھ امیدوار میٹرک جبکہ 5 لاکھ سے زائد امیدوار انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں شرکت کرتے ہیں۔ پرائیویٹ اور پبلک تعلیمی اداروں کے امیدواروں کو آن لائن درخواست جمع کروانے کے باوجود داخلہ فارم کی ہارڈ کاپی بھی بورڈ میں جمع کروانا پڑتی ہے۔
نئے مجوزہ نظام کے تحت امیدواروں کو مینول داخلہ فارم جمع کروانے کی ضرورت نہیں ہوگی اور تمام کارروائی آن لائن مکمل کی جا سکے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ داخلہ فارم کے عمل کو پیپر لیس بنانے سے امیدواروں کو بار بار بورڈ دفاتر کے چکر نہیں لگانا پڑیں گے ، وقت اور اخراجات میں بھی کمی آئے گی۔
ذرائع کے مطابق داخلہ فارم کو مکمل طور پر پیپر لیس کرنے کا حتمی فیصلہ آئندہ پی بی سی سی کے اجلاس میں کیا جائے گا۔
