(لاہور نیوز) پاکستانی اداکارہ مومنہ اقبال نے رکنِ صوبائی اسمبلی ثاقب چدھڑ کے خلاف تھانہ چوہنگ میں مقدمہ درج کرنے کے لیے درخواست جمع کرا دی، جبکہ درخواست کی کاپی بھی منظرِ عام پر آ گئی ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ثاقب چدھڑ نے اداکارہ کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں، ہراساں کیا اور بلیک میل کرنے کی کوشش کی۔ مومنہ اقبال کے مطابق انہوں نے اس معاملے پر قومی سائبر کرائم تحقیقاتی ادارے میں بھی درخواست دے رکھی ہے۔
اداکارہ نے الزام عائد کیا کہ ثاقب چدھڑ نے 2022 میں انہیں شادی کی پیشکش کی، تاہم بعد میں معلوم ہوا کہ وہ پہلے سے دو شادیاں کر چکے ہیں، جس کے بعد انہوں نے تعلق ختم کر دیا۔
درخواست کے مطابق تعلق ختم ہونے کے بعد ثاقب چدھڑ مختلف طریقوں سے اداکارہ کو ہراساں کرتے رہے، جبکہ ان کی اہلیہ کی جانب سے بھی دھمکیوں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔
مومنہ اقبال نے مزید الزام لگایا کہ ان کی منگنی طے ہونے پر ثاقب چدھڑ نے مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ تصاویر اور ویڈیوز کے ذریعے بلیک میل کرنے کی کوشش کی۔
درخواست میں یہ بھی کہا گیا کہ اداکارہ کی بہن اور ان کے منگیتر حمزہ کو بھی دھمکی آمیز پیغامات بھیجے گئے۔
مومنہ اقبال اپنے وکلا کے ہمراہ تھانہ چوہنگ پہنچیں اور باقاعدہ درخواست جمع کروائی، تاہم ثاقب چدھڑ کی جانب سے تاحال ان الزامات پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔
