(لاہور نیوز) لاہور ٹریفک پولیس نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر اوورچارجنگ اور اوورلوڈنگ کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کر لیا۔
سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے پردیسیوں سے زائد کرایہ وصول کرنے والوں کو سخت تنبیہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کے استحصال کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔
سی ٹی او لاہور کے مطابق پبلک ٹرانسپورٹ میں مقررہ تعداد سے زائد سواریاں بٹھانے والوں کے خلاف بھی بھرپور کارروائی کی جائے گی، انہوں نے سرکل افسران کو ہدایت کی ہے کہ ٹرانسپورٹرز کے ساتھ فوری میٹنگز کی جائیں اور انہیں عیدالاضحیٰ کے دوران سرکاری کرایہ نامے پر عملدرآمد کا پابند بنایا جائے۔
سید عبدالرحیم شیرازی نے ہدایت کی کہ تمام بسوں اور ویگنوں کی فرنٹ سکرین پر کرایہ نامہ واضح طور پر آویزاں کیا جائے تاکہ مسافروں کو مقررہ کرایوں سے آگاہی حاصل ہو سکے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اوورچارجنگ اور اوورلوڈنگ میں ملوث گاڑیوں کو تھانوں میں بند کر دیا جائے گام، ٹرانسپورٹرز کو زیادہ منافع کی خاطر انسانی جانوں سے کھیلنے کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی۔
ٹریفک پولیس کے مطابق لاری اڈا، بابوصابو، نیازی چوک اور ٹھوکر نیاز بیگ سمیت شہر کے اہم داخلی و خارجی مقامات پر خصوصی ٹیمیں تعینات کی جائیں گی، جبکہ شاہدرہ چوک اور بیگم کوٹ چوک سمیت 10 مختلف مقامات پر اوورچارجنگ اور اوورلوڈنگ کے خلاف کارروائی کیلئے خصوصی نفری موجود ہو گی۔
سی ٹی او لاہور نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ زائد کرایہ وصولی یا اوورلوڈنگ کی صورت میں فوری طور پر پولیس ہیلپ لائن 15 پر شکایت درج کرائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عید کے موقع پر پردیسیوں کی محفوظ اور آسان آمدورفت یقینی بنانے کیلئے شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر اضافی نفری بھی تعینات کی جائے گی، سید عبدالرحیم شیرازی کا کہنا تھا کہ پردیسیوں کی محنت کی کمائی پر کسی صورت ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں ہو گی۔
