(لاہور نیوز) وائس چیئرمین واسا چوہدری شہباز احمد نے محمود بوٹی اور شاد باغ ڈسپوزل سٹیشنز کا تفصیلی دورہ کیا جہاں انہوں نے صفائی اور آپریشنل امور کا جائزہ لیا۔
وائس چیئرمین واسا چوہدری شہباز احمدنے ڈسپوزل سٹیشنز پر صفائی کی ناقص صورتحال پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تمام سٹیشنز پر صفائی، مشینری کی دیکھ بھال اور آپریشنل کارکردگی مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔
دورے کے موقع پر ڈی ایم ڈی واسا عبدالطیف بھی ان کے ہمراہ موجود تھے جبکہ ڈائریکٹر مینٹیننس احمد حسنین اور ایکسیئن نعیم زاہد نے جاری آپریشنز پر تفصیلی بریفنگ دی۔
انہوں نے نکاسی آب کے نظام کو ہر وقت مکمل فعال رکھنے کیلئے افسران کو متحرک رہنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
چوہدری شہباز احمد نے مشینری، پمپس اور جنریٹرز کی ورکنگ کا جائزہ لیا اور کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے افسران کو روزانہ کی بنیاد پر ڈسپوزل سٹیشنز کا معائنہ یقینی بنانے، غیر ضروری سامان، کچرا اور جھاڑیوں کو فوری تلف کرنے اور تمام مشینری کی مرمت و ٹیسٹنگ مکمل رکھنے کی ہدایت بھی جاری کی۔
