(لاہور نیوز) سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے شہر میں ٹریفک کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے مختلف شاہراہوں اور اہم چوکوں کے دورے کئے۔
انہوں نے مصروف اوقات میں لکشمی چوک، لاہور ہوٹل، حاجی کیمپ، گڑھی شاہو، جی ٹی روڈ، ہاراں والا بازار اور مغلپورہ چوک کا تفصیلی معائنہ کیا، دورے کے دوران سی ٹی او لاہور نے لال پل پھاٹک اور بیجنگ انڈرپاس پر حادثات کا سبب بننے والی وجوہات کا بھی جائزہ لیا جبکہ ڈی ایس پی ٹریفک مغلپورہ عقیل گجر نے انہیں ٹریفک صورتحال اور جاری انتظامات پر بریفنگ دی۔
سید عبدالرحیم شیرازی نے ہدایت جاری کی کہ مصروف اوقات میں ٹریفک ریسپانس یونٹس چوکنگ اور ٹریفک کنجشن پوائنٹس پر اپنی پوزیشنز یقینی بنائیں تاکہ ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنایا جا سکے، رش کے اوقات میں ٹریفک سگنلز کو مینوئلی آپریٹ کرتے ہوئے ٹریفک فلو کو مزید مؤثر بنایا جائے۔
سی ٹی او لاہور نے ٹریفک ریسپانس یونٹس کو تجاوزات، رانگ پارکنگ اور ون وے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بھرپور کارروائی کرنے کی ہدایت بھی کی، انہوں نے واضح کیا کہ رش کے اوقات میں کوئی بھی سرکل آفیسر یا سیکٹر انچارج دفتر میں نہ بیٹھے بلکہ فیلڈ میں موجود رہ کر ٹریفک مینجمنٹ کو یقینی بنائے۔
انہوں نے کہا کہ مصروف اوقات میں لائیو گوگل میپنگ اور سیف سٹی کیمروں کی مدد سے ٹریفک کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
