(لاہور نیوز) ڈولفن فورس کی پٹرولنگ شدید متاثر ہونے کا انکشاف سامنے آیا ہے، جہاں ہائی آکٹین کی فراہمی محدود ہونے کے باعث متعدد بائیکس کھڑی ہونے لگیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق 690 ڈولفن اہلکاروں کو مختلف تھانوں میں جنرل ڈیوٹی پر منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ 1200 اہلکار فیلڈ پٹرولنگ کے بجائے دیگر فرائض انجام دے رہے ہیں، جس سے شہر میں پٹرولنگ نظام متاثر ہو رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وسائل کی کمی اور انتظامی اختلافات کے باعث ڈولفن فورس کا نظام بحران کا شکار ہے، گزشتہ 5 ماہ کے دوران 3 ایس پی ہیڈکوارٹرز تبدیل کئے گئے جس کے باعث فورس کی کارکردگی بھی متاثر ہوئی۔
پولیس ذرائع کے مطابق بعض ڈولفن اہلکار ڈیوٹی کے اخراجات اپنی جیب سے برداشت کرنے پر مجبور ہیں۔
دوسری جانب ایس پی ڈولفن بلال کا کہنا ہے کہ کفایت شعاری مہم کے تحت پٹرول کی فراہمی کم کی گئی تھی، تاہم چند روز سے دوبارہ پٹرول فراہم کرنا شروع کر دیا گیا ہے۔
ایس پی بلال کے مطابق ڈولفن اہلکار تھانوں میں تعینات نہیں بلکہ کرائم پاکٹس اور ناکہ بندیوں پر فرائض انجام دے رہے ہیں۔
