(لاہور نیوز) لاہور میں خاتون منشیات سمگلر انمول عرف پنکی کے کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق انمول عرف پنکی کو حساس اداروں نے ایک ہفتہ قبل لاہور کے علاقے نواب ٹاؤن سے گرفتار کیا تھا، گرفتاری کے بعد حساس اداروں نے ملزمہ کو کراچی پولیس کے حوالے کر دیا، پولیس کے مطابق ملزمہ کی گرفتاری لوکیٹر کی مدد سے عمل میں لائی گئی۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزمہ کے لاہور میں واقع گھر سے کروڑوں روپے مالیت کی منشیات برآمد ہوئی، جبکہ انکشاف ہوا ہے کہ انمول عرف پنکی نے ایک سابق پولیس انسپکٹر سے دوسری شادی کر رکھی تھی۔
ذرائع کے مطابق ملزمہ نے نواب ٹاؤن میں کرائے پر گھر لے رکھا تھا جہاں وہ خود منشیات تیار کرتی تھی، منشیات سپلائی کا اس کا پورا نیٹ ورک کراچی میں موجود تھا اور وہ لاہور میں منشیات فروخت نہیں کرتی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ لاہور میں ملزمہ کے خلاف کبھی کوئی مقدمہ درج نہیں ہوا، مزید یہ بھی سامنے آیا ہے کہ سابق پولیس افسر نے اپنے نام پر نواب ٹاؤن میں گھر کرائے پر لے کر دیا تھا۔
پولیس اور متعلقہ ادارے معاملے کی مزید تحقیقات کر رہے ہیں۔
