پنجاب کی جیلوں میں ڈیوٹی بک سسٹم پر تنازع، آئی جی جیل خانہ جات کا مراسلہ جاری
(لاہور نیوز) آئی جی جیل خانہ جات پنجاب نے صوبہ بھر کی جیلوں میں جیل وارڈرز کی ڈیوٹیوں اور تقرریوں سے متعلق اہم مراسلہ جاری کر دیا ہے۔
مراسلے کے مطابق بعض جیلوں میں وارڈرز کو ڈیوٹی بک اور امدادی ڈیوٹی بک کے نام پر من پسند جگہوں پر تعینات کیے جانے کی شکایات سامنے آئی ہیں دستاویز میں کہا گیا ہے کہ بعض اداروں میں ذمہ داریوں سے بچنے کیلئے وارڈرز کو غیر منصفانہ طریقے سے مخصوص ڈیوٹیوں پر لگایا جا رہا ہے، جبکہ جونیئر ہونے کی بنیاد پر ہیڈ وارڈرز اپنی ذمہ داریاں صحیح طور پر ادا نہیں کر رہے۔
مراسلے کے مطابق جیل وارڈرز کے ساتھ امتیازی سلوک کے بھی خدشات سامنے آئے ہیں، اور ڈیوٹی بک و امدادی ڈیوٹی بک کے نظام میں صرف ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اور اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ کو باقاعدہ ذمہ دار مقرر کیا گیا ہے۔
سیکرٹری داخلہ نے جیلوں میں اس “ڈیوٹی بک اور امدادی ڈیوٹی بک کلچر” کے خاتمے کا حکم دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ کسی بھی جیل میں اس نوعیت کی خلاف ورزی کی صورت میں سپرنٹنڈنٹ جیل براہ راست ذمہ دار ہوگا۔
مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل، ایگزیکٹو اور لائن افسران کو بھی جواب دہ ٹھہرایا جائے گا جبکہ ڈیوٹیوں، چھٹیوں اور دیگر انتظامی معاملات پر آنے والی شکایات کی مکمل ذمہ داری متعلقہ افسران پر عائد ہوگی۔
