افغانستان سے پاکستان آ کر مسلمان کو مارنے والے قاتل ہیں مجاہد نہیں: طاہر اشرفی
(لاہور نیوز) چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ افغانستان سے پاکستان آ کر جو مسلمان کو مارتے ہیں وہ قاتل ہیں مجاہد نہیں ہیں۔
صوبائی دارالحکومت سے جاری اپنے ایک بیان میں حافظ طاہر محمود اشرفی کا کہنا تھا کہ قومی امن کمیٹی نے یہ بتایا کے جہاد جو ہو گا قرآن و سنت کے مطابق ہو گا، جہاد وہ ہےجو ہماری قیادت نے پچھلے سال بھارت کے ساتھ کیا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ جہاد وہ ہے جو بارڈر پر فوجی کر رہا ہے، مولانا ادریس کو کس بے دردی سے شہید کیا گیا، کیا جرم تھا اُن کا؟ صرف یہ جرم تھا کے وہ کہہ رہے تھے کے ہمارا سپہ سالار بہت اچھا ہے عالمی امن کی کوشش کر رہا ہے۔
چیئرمین پاکستان علما کونسل کا کہنا تھا کہ شہید ہونے والے مولانا کا یہ کہنا جرم تھا کہ افغانستان سے پاکستان آ کر جو مسلمان کو مارتے ہیں وہ قاتل ہیں مجاہد نہیں ہیں۔
حافظ طاہر اشرفی نے مزید کہا کہ یہ جرم تھا کہ وہ کہہ رہے تھے کہ سید عاصم منیر قوم کو جوڑ رہے ہیں، بے گناہ کو قتل کرنے والے کا اسلام سے کیا تعلق ہو سکتا ہے۔
