(لاہور نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ بھارت کیلئے بہتر ہے کہ وہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان جیسی اپنی پراکسیاں بند کرے۔
عظمیٰ بخاری نے کامیاب معرکہ حق کو ایک سال مکمل ہونے پر قوم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ معرکہ حق قومی تاریخ کا ایک یادگار اور سنہرا باب بن چکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ معرکہ حق میں ہماری بہادر افواج نے وہ کارنامے سرانجام دیئے جو رہتی دنیا تک یاد رکھے جائیں گے، پاک فضائیہ کے شاہینوں کے کارنامے دنیا کی افواج کیلئے سٹڈی کیس بن چکے ہیں۔
وزیر اطلاعات نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار بھی مبارکباد کے مستحق ہیں، جبکہ پاکستان کے ہر شہری کو فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی فوجی قیادت پر فخر ہے۔
مزید برآں، عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک پرامن اور ذمہ دار ریاست ہے، پاکستان کیلئے سب سے پہلی ترجیح امن ہے، جو امن کو کمزوری سمجھے گا اس کا حشر بھارت جیسا ہو گا۔
