(ویب ڈیسک) پاکستانی اداکارہ نمرہ خان ایک بار پھر رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئی ہیں اور اس بار انہوں نے اپنی شادی کی خوشی مداحوں کے ساتھ سوشل میڈیا پر شیئر کر دی ہے۔
اداکارہ نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹا گرام پر پیرس میں ہونے والے اپنے سپیشل فوٹو شوٹ کی تصاویر جاری کی تھیں، جن میں وہ ایک مغربی طرز کے گلابی رنگ کے گاؤن میں نہایت خوبصورت نظر آئیں تاہم ابتدائی تصاویر میں انہوں نے اپنے شوہر کا چہرہ ظاہر نہیں کیا تھا۔
بعد ازاں نمرہ خان نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر نکاح کی تصاویر بھی شیئر کردیں، جن میں ان کا دلہا واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔
نکاح کے موقع پر اداکارہ نے سنہرے رنگ کی کڑھائی والے سفید روایتی لباس کا انتخاب کیا جبکہ ان کے شوہر سفید شلوار قمیض اور سنہرے کڑھائی والے کوٹ میں نظر آئے۔
تصاویر کے ساتھ ساتھ اداکارہ نے انسٹا سٹوریز میں ایک کیک کی تصویر بھی شیئر کی، جس پر ایک جہاز اور پائلٹ کو اپنی دلہن کے ساتھ بیٹھے دکھایا گیا تھا۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ ان کے شوہر پیشے کے لحاظ سے ایک کیپٹن اور پائلٹ ہیں، انہوں نے اگرچہ اپنے شوہر کا نام ظاہر نہیں کیا، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ ان کی شادی ایک پائلٹ سے ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ یہ نمرہ خان کی دوسری شادی ہے۔ اس سے قبل انہوں نے 2020 میں راجہ افتخار سے شادی کی تھی، جو چند ماہ بعد ہی اختتام پذیر ہو گئی تھی۔
